Home :: About Us
Follow Us:

چدمبرم امریکہ کے چار روزہ دورے پر

ہندوستان کے وزیر داخلہ پی چدمبرم امریکہ کے چار روزہ دورے پر نیو یارک پہنچ گئے ہیں۔

پی چدمبرم کے امریکی دورے کی سرکاری طور پر تفصیلات مہیہ نہيں ہیں لیکن واشنگٹن ميں بی بی سی کے نامہ نگار جاوید سومرو نے بتایا ہے کہ دورے کا اہم مقصد اس بات پر غور کرنا ہوگا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ميں ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کومزید کیسے مستحکم بنایا جا‏ئے۔

نامہ نگار کے مطابق اس دوران ان کی ملاقات امریکی وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کے اہلکاروں سے متوقع ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چدمبرم اپنے ساتھ وہ تمام دستاویزات لے گئے ہیں جو بھارت نے پاکستان کو ممبئی حملوں کے سلسلے میں دیے ہیں۔ ان دستاویزات کی مدد سے وہ امریکہ سے پاکستان پر کارروائی کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کے لیے کہہ سکتے ہيں۔

ہندوستان کا الزام ہے کا چھبیس نومبر دو ہزار آٹھ کو ممبئی حملوں کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ ہے۔ بھارت کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس سلسلے ميں جو ثبوت اس نے پاکستان کو سونپے ہیں اس پر پاکستان ضروری کارروائی نہیں کر رہا ہے۔ پاکستان ان الزامات کو مسترد کرتا رہا ہے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق پی چدمبرم نے دورے کے پہلے دن اس بات کا جائزہ لیا کہ سکیورٹی فورسز کس طرح نیویارک میں مزید شدت پسند حملے کو روکنے میں لگی ہوئی ہیں۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق وزیر داخلہ پی چدم برم کی ایف بی آئی، خفیہ ادارے اور ایجنسیوں کے اہلکاروں سے بھی ملاقات ہوئی ہے جس میں ان کو بریفنگ دی گئی ہے کہ نیو یارک کو ممبئی نما دہشت گرد حملوں کے خطرے سے کس محفوظ بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

 

 

Home :: About Us :: Feedback :: Contact Us
Follow Us: